سرینگر4اپریل( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) حریت کانفرنس کے اعتدال پسند دھڑے کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کو آج حراست میں لے لیا گیا۔ انہوں نے اپنی حراست کی خلاف ورزی کرکے شوپیاں کی جانب مارچ نکالنے کی کوشش کی تھی۔ پولیس کے ایک حکام نے بتایا کہ میر واعظ کو اتوار کو نظربند کیا گیا تھا اور انہوں نے پابندیوں کی خلاف ورزی نیز شوپیاں کی طرف مارچ نکالنے کی کوشش کی۔ میر واعظ اپنی رہائش سے باہر آئے اور وہاں جمع اپنے حامیوں سے خطاب کیا۔ پولیس افسر نے بتایا کہ خطاب کے بعد انہوں نے شوپیاں کی جانب مارچ نکالنے کی کوشش کی، لیکن انہیں حراست میں لے لیا گیا اور نگینہ تھانہ لے جایا گیا ۔ دریں اثنا حکام نے بتایا کہ پولیس نے حریت کے سخت گیر دھڑے کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی کے رہائش سے باہر نکلنے پر روک لگا دی گئی ہے۔سید علی گیلانی، میر واعظ اور یاسین ملک نے مشترکہ قیادت کے زیر اہتمام لوگوں سے شوپیاں تک مارچ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ مارچ اتوار کو مبینہ دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہوئے تصادم میں اپنے رشتہ داروں کو کھونے والے خاندانوں کے تئیں یکجہتی کے اظہار کے لیے تھا د۔ یاسین ملک کو اتوار کو گرفتار کر لیا گیا تھا اور انہیں یہاں سنٹرل جیل میں رکھا گیا ہے۔